26-07-2017

پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنوں سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے استثنی کا حکم واپس لینے اور سی این جی پر ٹیکس لاگو کرنے کا حکم معطل کرتےہوئے سی بی آر کو ان سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی وصولی روک دی ہے ۔

جسٹس لال جان خٹک اور جسٹس عبد الشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ دو ہزار دس سے لیکر دو ہزار بارہ تک وفاقی حکومت نے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنوں کو انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے مستثنی قرار دیا تاہم دو ہزار تیرہ میں اچانک وہ احکامات واپس لئے گئے اور ان سی این جی اسٹیشنوں پر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس لاگو کر دیاہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے ۔

فاضل عدالت نے دائر رٹ پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سی بی آر کو سی این جی اسٹیشنوں سے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی وصولی روک دی اور اس ضمن میں متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔