20-11-2017

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں شعبہ وکالت کے ینگ وکلاء کے لئے پانچ روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے۔

اے ڈی آر یعنی متبادل تنازعاتی حل کے موضوع پر پانچ روزہ خصوصی تربیتی پروگرام میں صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پچاس ینگ وکلاء شریک ہیں۔

پانچ روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی محمد مسعود خان ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد آصف خان ، ڈین فیکلٹی خواجہ وجہہ الدین سمیت اکیڈمی کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔

افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے شرکاء کو جوڈیشل اکیڈمی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے اے ڈی آر  کے موضوع پر منعقدہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے بتایا کہ وکلاء کےلئے یہ تربیتی پروگرام اپنی نوعیت اہم ترین تربیتی پروگرام ہے اور جوڈیشل اکیڈمی پشاور نے حال ہی میں اس موضوع پر دو روز ہ نیشنل اے ڈی آر کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس میں ملک بھر سے نظام انصاف سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے تھے۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پانچ روزہ تربیتی پروگرام سے نہ صرف شرکاء کے علم میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

بعد میں تربیتی پروگرام کے پہلے دن ریسورس پرسن پروفیسر سہیل شیراز ، بیرسٹر اسفندیار ، ضیاء الرحمان اور سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلی کیشن سہیل شیراز نورثانی نے اے ڈی آر کے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے۔