18-08-2017

پشاور ہائی کورٹ  نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے ون پشاور کے ایک ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ دوسرے اضلاع کو منتقل کرنے کے خلاف دائر رٹ درخواست پر ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کو جواب داخل کرنے کےلئے آخری مہلت دے دی ہے۔

جسٹس اکرام اللہ خان اورجسٹس عبد الشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی جانب سے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ حلقہ پی کے ون پشاور کےلئے صوبائی اسمبلی نے ایک ارب روپے کے ترقیاتی سکیموں کی منظوری کئے تاہم بعد میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے فنڈز بند کر دیئے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے ۔دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عبدالطیف یوسفزئی نے عدالت سے اس ضمن میں جواب جمع کرانے کےلئے مہلت طلب کی ۔ جس پر فاضل عدالت نے انہیں جواب جمع کرانے کےلئے آخری مہلت دے دی اور سماعت اگلی پیشی تک ملتوی کردی ۔