24-02-2017

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف تدریسی ہسپتالوں یعنی میڈیکل ٹیچنگ  انسٹی ٹیوشنز میں کام کرنے والے مختلف کیڈرز کے ڈاکٹروں کے ماہانہ ہیلتھ پروفیشنل الاونس میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ان ہسپتالوں کے پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کےلئے بھی ماہانہ الاونس دینے کی منظوری دی گئی ہے ۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز ، اسسٹنٹ پروفیسرز اور سینئر رجسٹرار ز کا ماہانہ الاونس دس ہزار سے بڑھا کر ساٹھ ہزار روپے ، گریڈی سترہ اور اٹھارہ کے ڈیمانسٹریڑز اور لیکچرارز کا الاونس دس اور پندرہ ہزار سے روپے سے بیالیس ہزار روپے ، ریڈیالوجی ، پیتھالوجی اور انستھیزیا کے ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ (انسٹی ٹیوشنل ملازمین کی دس ہزار سے بڑھا کر اسی ہزار روپے، میڈیکل آفیسرز ، ڈینٹل سرجنز ، جونیئر رجسٹرار اور اسسٹنٹ انیستھیزسٹ کا الاونس پندرہ ہزار سے بڑھا کر بیالیس ہزار روپے کر دیا گیا ہے ۔ اسی طرح محکمہ صحت کے ایک دوسرے اعلامیہ کے مطابق ایم ٹی آئیز  میں کام کرنے والے پیرامیڈیکلس اور نرسنگ سٹاف جن میں انسٹی ٹیوشنل اور سول  ملازمین بھی شامل ہیں ، کو بھی دس ہزار ماہانہ ہیلتھ پروفیشنل الاونس دیا جائے گا۔