21-04-2017

پشاور ہائی کورٹ نے ضلع ہنگو میں سولہ پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کےلئے دائر رٹ پٹیشن منظور کر لی اور ای ڈی اور ایجوکیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ ان درخواست گزاروں کو بھرتی کرنے کا اعلامیہ جاری کرے ۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس سید افسر شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سولہ درخواست گزاروں کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی جس  میں عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزاروں نے پی ایس ٹی پوسٹوں پر بھرتی کےلئے درخواستیں دیں اور میرٹ پر آنے کے باوجود انہیں بھرتی کےلئے نظر انداز کیا گیا اور وجہ یہ بتائی گئی کہ انہوں نے الخیر یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کی ہے حالانکہ اس یونیورسٹی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن تسلیم کر چکی ہے لہذا محکمہ تعلیم کا یہ جواز غیر قانونی اور غیر آئینی ہے لہذا درخواست گزاروں کو بھرتی کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔