06-06-2018

چیف جسٹس  پاکستان جسٹس میاں  ثاقب نثار نے لاہور میں قانون کی  طالبہ خدیجہ صدیقی کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے کے ملزم کی رہائی کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ سے طالبہ تشدد  مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق  از خود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دس جون کو ہوگی۔

خیال رہے کہ خدیجہ حملہ کیس میں مجسٹریٹ کورٹ نے  ملزم شاہ حسین کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ سیشن کورٹ  نے مجسٹریٹ کورٹ کی  جانب سے دی گئی 7 سال کی سزا کم کر کے 5 سال کر دی تھی۔ تاہم لاہور ہائی کور ٹ نے دائر اپیل پر ملزم کو بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے تھے جس پر فاضل چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ۔