05-06-2018

سپریم کورٹ نے طلبہ کو داخلہ دینے کے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے پانچ میڈیکل کالجز کو نوٹسز جاری کر کے ان کے سربراہان کو وضاحت کیلئے ہفتے کو کراچی رجسٹری میں طلب کر لیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں  ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بلوچستان کے نجی میڈیکل کالجزمیں داخلوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا تمام طلبہ کو داخلے مل گئے ہیں ؟ جس پر رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ 25 طلبہ کو تاحال داخلے نہیں مل سکے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج عدالتی حکم نہیں مان رہا، جبکہ آرمی میڈیکل کالج کو جی ایچ کیو کی اجازت کا انتظار ہے۔

سپریم کورٹ نے آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی، کراچی میڈیکل ڈینٹل کالج، پنجاب میڈیکل کالج، فیصل آباد میڈیکل کالج اور ڈاؤ میڈیکل کالج کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے عدالتی حکم پرعمل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی ہے جبکہ ان میڈیکل کالجز کے سربراہان کو ہفتے کو کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دیا ۔