30-10-2017

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں غیر حاضری پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے  2 نومبر کو پیش ہونے کا آخری موقع دے  دیا ۔

 احتساب عدالت میں وکیل صفائی خواجہ حارث نے اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر  کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار طبی معائنے کیلئے لندن میں ہیں، جمعرات کو پیش ہو جائیں گے۔

 نیب پراسیکیورٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر دیکھا وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے بعد اسحاق ڈار بھی لندن گئے ہیں، ملزم کے وارنٹ جاری کئے جائیں خود پیش ہو جائیں گے۔احتساب عدالت کے  جج محمد بشیرنے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈارکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ ضامن کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا۔ عدالت نے 2 نومبر کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں 50 لاکھ زر ضمانت ضبط کر لی جائے گی۔