25-09-2017

حکومت نے فاٹا میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس اور عدالتی نظام نافذ کردیا ہے۔

حکومت نے پولیس کا دائرہ اختیار وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا تک بڑھاتے ہوئے علاقے میں پولیس ایکٹ 1861 نافذ کردیا ہے جس کے تحت علاقے میں پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس نظام کا نفاذ ہوگیا ہے۔ اس طرح فاٹا میں لیویز کے نظام کو پولیس کے نظام سے بدل دیا گیا ہے، فاٹا کے لیویز کے دفاتر پولیس سے تبدیل کردیئے گئے ہیں اور اب لیویز کمانڈنٹ کے بجائے آئی جی پولیس سربراہ ہوں گے جبکہ نائب تحصیلدار سے کم عہدے کے شخص کو پولیس افسرتعینات نہیں کیا جا سکے گا اور نائب تحصیلدار کی جگہ سب انسپکٹر کا عہدہ ہوگا۔اسی طرح فاٹا کے بنیادی عدالتی نظام میں بھی تبدیلیاں کردی گئی ہیں جس کے بعد فاٹا میں پاکستان کے دیگرعلاقوں کی طرز کا عدالتی نظام لاگو ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے اور اس کا نوٹی فکیشن بھی وزارت سیفران جلد جاری کرے گی۔