08-05-2017

پشاور کی احتساب عدالت نے فرنٹیر کانسٹیبلری کے افسر شربت خان کے کروڑوں روپے کے غیر قانونی اثاثے بنانے کے خلاف نیب کی دائر ریفرنس میں ایک گواہ پراپرٹی ڈیلر وحید اللہ آفریدی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تیرہ مئی کو عدالت طلب کر لیا ہے ۔

احتساب عدالت کے جج اشتیاق احمد خان نے ریفرنس کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ ریفرنس میں ایک گواہ پراپرٹی ڈیلر بلال مارکیٹ حیات آباد وحید اللہ آفریدی کو عدالت نے بار بار سمن جاری کئے تاہم وہ اس کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہو رہا ہے اور آج بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوا ہے اس پر فاضل عدالت نے گواہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کردی ۔