24-04-2018

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحانات پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب تک ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہیں ہوتا، حکم برقرار رہے گا۔ سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن معروف افضل نے درخواست کی کہ اس پراسس کو نہ روکیں ورنہ ملک بھر کے طلبا متاثر ہوں گے، کوٹہ مقرر کرنے سے اسلام آباد کے لوگوں کا نقصان ہوگا۔

جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے کہا کہ کوئی نقصان نہیں ہوگا اسلام آباد کے شہری اوپن میرٹ پر بھی آسکتے ہیں، 56 سال سے اسلام آباد کے ڈومیسائل ہولڈرز کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ وفاقی سیکرٹریز میں ارشد مرزا اور فواد بٹ کشمیر کے کوٹہ پر آئے، کیا اسلام آباد کا کوئی ہے؟ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ پانچ سال میں آپ نے کچھ نہیں کیا۔