19-04-2018

پشاور ہائی کورٹ نے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے دو بھائیوں کی جانب سے دائر اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس قلندرعلی خان اورجسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جہاد اور عبدالوکیل پسران پیرداد ساکنان مردان کی جانب سے بوساطت صاحبزادہ اسد اللہ ایڈوکیٹ دائر اپیلوں پر سماعت کی۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے تیس اپریل 2014ء کو رستم مردان کے رہائشی واصل شاہ کو بچوں کی معمولی لڑائی پر تلخ کلامی کے بعد قتل کیا تھا۔ جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کیا تھا اور ماتحت عدالت نے دونوں بھائیوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔اپیل کنندگان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پہلے گرفتار ہوئے اور اسلحہ بعد میں برآمد کیا گیا جبکہ گواہان کے ریکارڈ شدہ بیانات میں تضاد ہے لہٰذا ملزمان کو بری کردیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں قتل کے مقدمے سے بری کردیاہے۔