06-04-2017

پشاور ہائی کورٹ نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں سمیت چودہ جوڈیشل افسران کو معطل کرکے انہیں شوکوز نوٹس جاری کردیا ہے ۔

پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق پشاورہائی کورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی نے جن چودہ جوڈیشل افسران کو معطل کرنے اور انہیں خیبر پختونخوا گورنمنٹ سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈی سپلن رولز دو ہزار گیارہ کے تحت شوکاز نوٹس جاری کرنے کی منظوری دی ہے ان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سردار محمد ارشاد جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں میں امجد رحیم ، امجد مخدوم ، محسن علی ترک ، عبدالحکیم ہاشمی ، قیصر رحیم ، رفعت عامر اور منظور قادر شامل ہیں ۔ اسی طرح اعلامیہ کے مطابق جن سنیئر سول ججوں کو معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ان میں دیر لوئر کے سفیر قیصر ملک ، دیر اپر کے راشد روف ، عادل اکبر خان ، شاہ حسین ، قائمقام سینئر سول جج تور غر جوہر اعجاز شاہ شامل ہیں جبکہ کمیٹی نے ایک سول جج تصور حسین کو بھی معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے ۔