01-08-2017

قومی اسمبلی میں عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آج خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی سمیت چھ امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سیکریٹریٹ کے مطابق جن اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں اُن میں حکمراں جماعت کے شاہد خاقان عباسی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر، متحدہ قومی مومومنٹ کی کشور زہرہ، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ طارق اللہ اور ایک ہی نشست رکھنے والی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شامل ہیں۔تاہم امیدواراپنے کاغذات نامزدگی انتخابی عمل شروع ہونے سے پہلے کسی بھی وقت واپس لے سکتے ہیں۔

وزیراعظم کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد یکم اگست کی شام کو حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔