11-09-2017

لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ  این اے 120 کے لئے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لئے منظور کرلیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کلثوم نواز سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس امین الدین، جسٹس عباد الرحمٰن لودھی اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ  3رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر کیا مگر اس سے حاصل ہونے والی آمدن اور اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔