09-03-2017

پشاور ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود  سوئی گئی کی عدم فراہمی  پر دائر توہین عدالت درخواست پر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لیمٹیڈ اور وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو حلقہ قومی اسمبلی کے حلقہ  این اے تیرہ صوابی میں ایک ماہ گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔

چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس اکرام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے تیرہ صوابی عاقب اللہ کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے یکم جون دو ہزار سولہ کو محکمہ سوئی گیس کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے تیرہ  کو سوئی گیس فراہم کرے تاہم تاحال عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔

عدالت نے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے محکمہ سوئی گیس اور وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کو ایک ماہ کے اندر اس حلقہ کو سوئی گیس فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔