26-10-2017

پشاور این اے 4 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 837 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 7 ہزار پولیس اہلکار جبکہ پاک فوج کے 1700 اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔ پہلی بار 35 پولنگ سٹیشنزکے 100 بوتھوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں نصب کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 445 ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار 943 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار 502 ہے۔

خیال رہے کہ 2013  کے عام انتخابات میں اس حلقہ میں پاکستان تحریک انصاف کے گلزار خان 55 ہزار 134 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر خان نے 20 ہزار 412 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ یہ نشست پی ٹی آئی کے رہنما گلزار خان کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔