06-04-2018

احتساب عدالت پشاور کے جج حافظ نسیم اکبر نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار دو ملزموں کو تفتیش کےلئے مزید سات دنوں کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا ہے ۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ ملزم اختر سابق اکاونٹنٹ نجی سٹیل کمپنی حیات آباد نے سینئر آڈیٹر ریجنل ٹیکس آفس پشاور یحیی خان کے ساتھ ملکر سیلز ٹیکس کی مد میں فیڈرل بیورو آف ریونیو کو بوگس رسیدیں/ ووچرز دیکر  قومی خزانے کو کرروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔ملزمان سے ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے لہذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ دونوں ملزمان کو مزید جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے ۔

عدالت نے نیب کی استدعا منظو ر کر لی اور دونوں ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔