16-08-2017

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈکپ 2019 کو ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح تاریخ کا حصہ بن چکی اب مسلسل بہتری کی جانب سفر جاری رکھنا ہوگا جب کہ نوجوان کرکٹرز کارکردگی میں نکھارلاتے رہے تو ٹیم ایک مضبوط یونٹ میں ڈھل جائے گی۔

ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ایک بہت بڑی کامیابی تھی، شاندار فتح پر دنیا بھر کے شائقین نے بھرپور پذیرائی بھی کی، بطور کپتان میرا اور ٹیم کا اعتماد کئی گنا بڑھ گیا، پرستاروں کا مورال بلند ہوا، قوم کو اس فتح کی سخت ضرورت تھی لیکن اب وہ تاریخ کا حصہ بن چکی، ہمیں آگے بڑھنا اور آئندہ چیلنجزکے لئے خود کو تیار کرنا ہے۔