15-02-2017

پشاور ہائی کورٹ  نے  لاچی کوہاٹ قتل کیس کے ملزم کو پھانسی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

جسٹس سید افسر شاہ اورجسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملزم کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم گل وزیر عرف گڈ پر الزام ہے کہ اس نے نو اگست دو ہزار تیرہ  کو جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے بلال نامی شخص کو قتل کر دیا تھا اور ماتحت عدالت نے اسے سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے تاہم ماتحت عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزم کے حق میں جانے والے اہم شہادتوں کو نظر انداز کیا تھا جبکہ استعاثہ کی شہادتیں ناقابل اعتبار تھیں اور مدعی اور چشم دید گواہ کی موقع پر موجودگی ثابت نہیں ہوتی اس بناء پر ماتحت عدالت کے فیصلہ کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

عدالت نے دو طرفہ دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی اپیل منظور کر کے سزائے موت و جرمانہ کی سزا کالعدم قرار دے دی ۔