29-05-2017

لاہور ہائی کورٹ  میں ضلعی عدلیہ کے ڈائریکٹوریٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ضلعی عدلیہ ڈائریکٹو ریٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر سینئر جج لاہور ہائی کورٹ  جسٹس محمد یاور علی اور ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری بھی ا ن کے ہمراہ موجود تھے ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ضلعی عدلیہ حقیقی اور بنیادی عدلیہ ہے کیونکہ یہاں سائک سب سے پہلے حصول انصاف کےلئے آتا ہے تاہم ضلعی عدلیہ کو فعال اور مضبوط کئے بغیر جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ روایتی طریقوں سے بڑی تعداد میں مقدمات کو نمٹانا ممکن نہیں اسلئے عدلیہ میں جدید اصلاحات کا عمل جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پرانے ایم آئی ٹی آفس کے طریقہ کار اور ماحول کو تبدیل کرکے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈائریکٹو ریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری قائم کیا ہے جو محض جوڈیشل افسران کے خلاف شکایات پر کام نہیں کرتے گا بلکہ ڈائریکٹو ریٹ میں ضلعی عدلیہ اور جوڈیشل افسران سے متعلق تمام معاملات اور مسائل کو دیکھا جا ئے گا۔