10-08-2017

پشاور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں ملوث محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پشاور کے سب انسپکٹر کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

احتساب عدالت پشاور کے جج اشتیاق احمد خان نے ملزم سب انسپکٹر محمد معراج کی اثاثے منجمد کرنے کےلِئے نیب کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے دوران ملازمت پشاور کے مختلف علاقوں تہکال بالا، تہکال پایاں اور ماڈل ٹاون میں چونتیس مرلے پر مشتمل تین پلاٹس خریدے جو ملزم کی آمدنی سے زیادہ ہے لہذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

عدالت نے دنوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کے پشاور میں واقع اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔