06-04-2017

پشاور کی مقامی عدالت نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر محکمہ تعلیم پشاور کے ایک افسرسمیت دو کلرکوں کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

سول جج پشاور ایاز خان نے احسان اللہ نامی شخص کی جانب سے دائر دعوی کی سماعت کی عدالت کوبتایا گیا کہ درخواست گزار نے درجہ چہارم کی پوسٹ پر بھرتی کےلئے درخواست دی تھی اور عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر عدالت میں دعوی دائر کیا لیکن عدالتی احکامات کے باوجود محکمہ تعلیم پشاور کے افسر اور کلرک ریکارڈ پیش نہیں کر رہے ہیں لہذا ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

عدالت نے عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر ان کی تنخواہ قرق کرنے کا حکم دیا اور سماعت ملتوی کردی ۔