02-06-2017

 معروف قانون دان شریف الدین پیرزادہ طویل علالت کے بعد آج علی الصبح انتقال کرگئے۔

بارہ جون 1923 کو بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع برہان پور میں پیدا ہونے والے سید شریف الدین پیرزادہ نے ممبئی یونیورسٹی سے وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔ شریف الدین پیرزادہ، ایوب خان کے دور حکومت میں 1966 سے 1968 تک وزیر خارجہ رہے جبکہ انہیں پہلا اٹارنی جنرل آف پاکستان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ یحییٰ خان اور ضیاء الحق کے دور آمریت میں کم و بیش 9 برس تک اٹارنی جنرل آف پاکستان رہے۔ اس کے علاوہ پرویز مشرف کے دور اقتدار میں بھی شریف الدین پیرزادہ کو خصوصی سفیر کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔

شریف الدین پیرزادہ کو 1973 کے آئین کا خالق کہا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستان، تحریک پاکستان اور آئین و قانون سے متعلق کئی کتابیں لکھیں اور کئی بین الاقوامی اداروں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔شریف الدین پیرزادہ کو 1998 میں نشان امتیاز کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔