11-04-2017

وفاقی شرعی عدالت نے ملک بھر سے سودی نظام کے خاتمے کےلئے دائردرخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردی ہے ،

چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس ریاض احمد خان کی سربراہی میں جسٹس ڈاکٹر فدا محمد خان ، جسٹس شیخ نجم الحسن اور جسٹس ظہور احمد پر مشتمل چار رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت عدالتی معاون ڈاکٹر محمد انور شاہ نے قرآنی آیات اور مفسرین کی طرف سے رباہ ، انٹرسٹ اور سود کے الفاظ کی تعریفوں کے حوالے دیئے ۔ عدالتی معاون نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ تینوں الفاظ کے لفظی معنی ایک ہی ہے لیکن اصطلاحی معانی الگ الگ ہیں جبکہ سود فارسی لفظ ہے جبکہ رباہ عربی لفظ ہے ۔

عدالتی معاون نے اپنے ایک نقطے پر دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے نقطے پر دلائل وہ آئندہ سماعت پر دیں گے جس پر وفاقی شرعی عدالت نے مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔