02-08-2017

پاکستان مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی نے ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین  نے نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ان  کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں حکمران جماعت کے رہنماؤں اور ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس کے دوران ہونے والی ووٹنگ میں شاہد خاقان عباسی  نے 221 ووٹ حاصل کیے  جبکہ ان کے قریب ترین حریف پیپلز پارٹی کے نوید قمر رہے جنھوں نے 47 ووٹ لیے۔ پاکستان تحریکِ انصاف  کے امیدوار شیخ رشید احمد نے 33 ووٹ حاصل کیے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ طارق اللہ صرف چار ووٹ لے سکے ۔