23-02-2017

سپریم کورٹ نے ایک کلو سے زائد منشیات کے ملزم کی ضمانت خارج کرنے کی درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو 10مارچ کو وضاحت کے لئے طلب کر لیا ہے۔

جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو ملزم عبدالحق کی ضمانت خارج کرنے کی درخواست پر سماعت  کی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آئی جی پنجاب نے کس قانون کے تحت نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے کہ منشیات کے مقدمات میں پورا مال مقدمہ لیبارٹری بھجوایا جائے ۔

 عدالت نے مزید سماعت دس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئی جی پنجاب عدالت میں اس امر کی وضاحت کریں کہ ملزموں سے برآمد ہونے والی منشیات کی مخصوص مقدار کو کیوں نہیں لیبارٹری بھجوایا جاتا۔

واضح رہے کہ  محکمہ پراسکیوشن نے ملزم عبدالحق کی ضمانت خارج کرنے کے لئے رجوع کر رکھا ہے۔