20-09-2017

خیبر پختونخوا اسمبلی میں منشیات کی روک تھام کیلئے نیا قانون پیش کر دیا گیا ہے جس کے تحت وفاقی سطح پر قائم انٹی نارکاٹکس فورس اور پولیس کے اختیارات کم کرتے ہوئے صوبائی سطح پر انٹی نارکاٹکس ونگ قائم کیا جائے گا جو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ماتحت ہو گا ۔

یہ بل صوبائی وزیر قانون امتیازشاہد قریشی نے پیش کیا جس کے مطابق اے این ایف کا دائرہ اختیار کم کر کے صرف صوبے کے ہوائی اڈوں ایئر پورٹ اور ڈرائی پورٹ تک محدود کر دیا جائے گا۔

مسودے کے مطابق انٹی نارکاٹکس ونگ پشاور میں عملے کی تربیت کیلئے ایک اکیڈمی بھی قائم کیا جائے گاجبکہ جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد منشیات سے متعلق کیسز کو ڈیل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے دیگر صوبوں کے برعکس پہل کرتے ہوئے سب سے پہلے یہ قانونی مسودہ تیار کیا ہے ۔