03-04-2017

پشاور ہائی کورٹ نے ٹیسکو کو مہمند ایجنسی میں ماربل فیکٹریوں سے بجلی بلوں میں سلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی روکتے ہوئے ایف بی آر سمیت متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے ۔

مہمند ایجنسی کی چھبیس ماربل فیکٹری مالکان کی جانب سے دائر رٹ درخواست میں عدالت کوبتایا گیا کہ درخواست گزاروں کی وفاق کے زیر اہتمام قبائلی علاقہ مہمند ایجنسی میں ماربل فیکٹریاں ہیں جن کے وہ باقاعدگی سے بجلی بل ادا کرتے ہیں تاہم ٹیسکو حکام نے ان کے بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس وصولی شروع کر رکھی ہے جو کہ فاٹا میں ایف بی آر کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس بناء پر سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی کا کوئی جواز نہیں بنتا لہذا اس اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے ۔