26-09-2017

 سندھ ہائی کورٹ نے  سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیئے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف 7 کروڑ ڈالر کی تحقیقات  سے متعلق  کیس کی سماعت کرتے ہوئے  فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔

 دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی اداروں کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔ عدالت نے سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ دائر رٹ میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ نے مریم نواز کو 70 ملین ڈالرز دئیے تھے۔ یہ رقم 2 لاکھ پاکستانی بچوں کی تعلیم پر خرچ ہونی تھی لیکن اب تک اس رقم کے خرچ ہونے کا کوئی حساب نہیں ہے جبکہ مریم نواز اختیارات کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی  گئی ہےکہ چیئرمین نیب کو 70 ملین ڈالرز کی تحقیقات کی ہدایت کی جائے۔ درخواست میں مریم نواز، چیئرمین نیب اور وزیراعظم ہاؤس کو بھی فریق بنا یا گیا ہے۔