09-03-2017

پشاور ہائی کورٹ نے یونائیڈڈ میونسپل ورکرز یونین کو جنرل بس سٹینڈ  کے انتظامی امورحوالے کرنے کےلئے دائر رٹ درخواست خارج کر دی ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس اکرام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے یونائیڈڈ میونسپل ورکرز یونین کے چیئرمین کی جانب سے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی امور یونین کے حوالے کئے جائیں تاکہ جنرل بس سٹینڈ کو ایک منافع پخش ادارہ بنایا جا سکے ۔

سماعت کے دوران میونسپل کارپورشن کے نمائندوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یونین کو ایسا کوئی اختیار نہیں کہ جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی امور اور کنٹرول ، یونین کے حوالے کئے جائیں کیونکہ جنرل بس سٹینڈ سرکاری اراضی پر قائم کیا گیا ہے جس کا سالانہ لاکھوں روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے لہذا یونین کی جانب سے دائر رٹ ناقابل سماعت ہے اس لئے رٹ پٹیشن خارج کی جائے ۔

عدالت نے دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پر دائر رٹ پٹیشن خارج کر دی ۔