31-05-2017

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ باؤلر کگیسو ربادعالمی نمبر ایک باؤلر بن گئے ہیں ۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے۔نئی ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی ٹیم بدستور آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز خصوصاً آخری ون ڈے میچ میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا چار درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باؤلر بن گئے ہیں۔عمران طاہر  دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔

واضح رہےکہ عالمی نمبر ایک جنوبی افریقی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کےلیے فیورٹ قرار دی جا رہی ہے جہاں اے بی ڈی ویلیئرز عالمی نمبر ایک بلے باز ہیں جبکہ ان کے علاوہ کوئنٹن ڈی کوک، فاف ڈیو پلیسی اور ہاشم آملا بھی دس بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔