08-06-2018

سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کو نندی پور پاور پلانٹ میں کرپشن کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بنچ نے نندی پور پاور پلانٹ کرپشن کیس کی سماعت  کی ۔ فاضل عدالت نے  نندی پور پاور پلانٹ کی تحقیقات کا حکم  دیتے ہوئے کہا کہ  رحمت حسین جعفری کی رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کی جائیں ۔

عدالت نے ملازمین کے حوالے سے معاہدہ پر عمل درآمد کا حکم بھی دیتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے علاقے نندی پور میں لگایا گیا پاور پراجیکٹ کا افتتاح اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے 31 مئی 2014 کو کیا تھا تاہم صرف پانچ روز آپریشنل رہنے کے بعد تیکنیکی مسائل کی بنا پر بند کردیا گیا تھا جبکہ اس منصوبے کی لاگت حقیقی تخمینے 27 ارب سے کئی گنا بڑھ کر 84 ارب روپے تک جاپہنچی۔