19-10-2017

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر 2 ریفرنسز اور مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر پر ایک ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر  نے نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔

فاضل جج نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایون فیلڈ پراپرٹیز اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پیش ہونے والے نمائندے ظافر خان پر فرد جرم عائد کی۔عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کی اور  ملزمان کو فرد جرم کے نکات پڑھ کر سنائے۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جبکہ سابق وزیراعظم کے نمائندے ظافر خان نے نواز شریف کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا۔

احتساب عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے بعد استغاثہ سے شہادتیں طلب کرتے ہوئے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت 26 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی۔