26-07-2017

پاکستان میں ورلڈ الیون کےخلاف ٹی 20سیریز اور سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں ہوم سیریز کی تیاری کیلئے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ اگست کے پہلے ہفتے میں لاہور میں لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف چیمپئینز ٹرافی جیتنے اور چھٹیاں منانے کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھرلاہور پہنچ گئے جہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہائی پرفارمنس کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لیا ۔

مکی آرتھر نے پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمیز اور کوچیز سے ملاقات کی جس میں قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں لاہور میں لگانے کا فیصلہ کیا،ابتدائی طور پرملک میں موجود قومی کرکٹرزاس کیمپ میں ٹریننگ کریں گے۔

ورلڈ الیون کی ستمبر میں ٹی 20سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آمد متوقع ہے جبکہ اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں ہوم سیریز شیڈول ہے۔