21-02-2017

احتساب عدالت پشاور میں نیب کی جانب سے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سمیت دیر ملزمان کے خلاف شاہی بالا متھرا پشاور  میں کمپلیکس کی تعمیر کے لئے چالیس کنال اراضی کی خریداری میں بیس کروڑ ستاسی لاکھ روپے خورد برد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے ۔

نیب خیبر پختونخوا کے مطابق ملزمان سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ  طارق اعوان ، تحصیلدار عادل وسیم ، ڈی او آر  ریاض حسین ، این آئی بی برانچ پشاور  سعید تحسین اللہ ، اتھارٹی ہولڈر حیدر علی ، پٹواری افراہیم ، اراضی مالکان افتخار حسین ، غلام رسول ، اعجاز حیسن اور حامد علی خان پر الزام ہے کہ ملزمان نے ملی بھگت کرکے محکمہ ورکرز ویلفیئر بورڈ  کے زیر انتظام لیبر کےلئے شاہی بالا میں کمپلیکس کی تعمیر کےلئے کروڑوں روپے مالیت کی چالیس کنال  اراضی کی خریداری کے وقت سستے داموں پر اراضی خریدکر بیس کروڑ ستاسی لاکھ روپے خوردبرد کئے ہیں ۔ نیب نے اس ضمن میں تحقیقات مکمل کرکے ملزمان کے خلاف ریفرنس پشاور کی احتساب عدالت میں دائر کر دیا ہے جس کی سماعت آئندہ چند روز میں متوقع ہے ۔