12-05-2017

پشاور ہائی کورٹ  نے ورکرز ویلفیئر بورڈ حکام کو تئیس مئی تک ملازمین کو تمام بقایا جات ادا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

جسٹس قیصر رشید اورجسٹس عبدالشکور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کو گزشتہ ایک سال سے تنخواہ ادا نہ کرنے پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا ہے کہ ان ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ حکام کی تنخواہیں قرق کی جائیں گی ۔

دوران سماعت جسٹس قیصر رشید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سکولوں کے اساتذہ کام کرتے ہیں اور انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں ۔ اگر کسی افسر کی تنخواہ بند کر دی جائے تو پھر اسے معلوم ہو گا کہ اس سے کیا کیا مشکلات درپیش ہو تی ہیں۔