12-06-2017

پشاور ہائی کورٹ میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کو عدالتی احکامات کے باوجود تنخواہیں ادا نہ کرنے پر ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت رٹ درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔

دائر توہین عدالت درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تئیس مئی کو ورکرز ویلفیئر فنڈز اسلام آباد کے نمائندے نے عدالت عالیہ میں بیان دیا تھا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے بائیس سو ستر ملازمین کی نو ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کےلئے فنڈز ریلیز کی گئی ہے اور رمضان المبارک سے قبل ان ملازمین کو تنخواہیں اد اکر دی جائیں گی لیکن تاحال عدالتی احکامات کے باوجود سال میں صرف چار تنخواہیں ادا کی گئی ہیں ۔ دائر رٹ درخواست میں ورکرز ویلفیئر فنڈز کے چیئرمین ، سیکرٹری ، فنانشل ایڈوائزر، ڈی جی اور ڈی جی ایجوکیشن کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ دائر توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔