02-03-2017

پشاور ہائی کورٹ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے کنٹریکٹ ملازمین کو ستائیس مارچ تک تمام بقایاجات ادا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کور ٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس اکرام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ درخواست کی سماعت کی جس میں عدالت کوبتایا گیا کہ پشاورہائی کورٹ  کے حکم پر ہائی کورٹ کی تمام رجسٹریز سے ورکرز ویلفیئر بورڈ سے متعلق تمام رٹ درخواستیں پرنسپل سیٹ پشاور ہائی کورٹ منتقل ہوئی ہیں تاہم زیادہ تر ملازمین کی تنخواہیں ابھی تک ادا نہیں کی گئیں جس سے ان کے چولہے  ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ۔

عدالت نےسیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کو  ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا  کے ان تمام ملازمین جن کو تیس جون دو ہزار سولہ تک کنٹریکٹ میں توسیع دینے کے باوجود تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں  کو ستائیس مارچ تک تمام بقایاجات ادا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔