10-05-2018

سپریم کورٹ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز کو 12 مئی کو سپریم کورٹ  کراچی رجسٹری میں طلب کرلیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار  کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ایئرلائنز کے ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے معاملے کی سماعت کی جس سلسلے میں ڈائریکٹر سول ایوی ایشن عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈائریکٹر سول ایوی ایشن سے پوچھا کہ ملک میں کتنی ایئرلائنز ہیں؟ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ملک میں 4 ایئر لائنز کام کررہی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ابھی تک ایئرلائنز کی جانب سے ملازمین کا مکمل ڈیٹا نہیں دیا گیا، جعلی ڈگریوں کے معاملے پر ملازمین کا کچھ ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، ایئر لائنزکے چیف ایگزیکٹوز آکر اس معاملے کی وضاحت کریں۔عدالت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بطور سی ای او سمیت تمام ایئرلائنز کے سی ای اوز کو 12 مئی کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں طلب کرلیا۔