06-09-2017

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عدالتوں میں پیش ہو سکتے ہیں تو وکیل کیوں نہیں؟ قانون سب کیلئے برابر ہے۔

 سپریم کورٹ  رجسٹری لاہور میں ملتان بینچ تنازع کیس میں صدر ملتان کورٹ بار ایسوسی ایشن  شیر زمان ایڈوکیٹ  کی درخواست کی  سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان  نے وکیل رہنما شیر زمان سے استفسار کیا کہ’ آپ لاہور ہائیکورٹ میں کیوں پیش نہیں ہوئے، وزیر اعظم عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں تو آپ کیوں نہیں آئے؟‘ جس پر صدر ملتان بار شیر زمان نے کہا کہ ہم نے جج کے ساتھ بدتمیزی کی اور نہ ہی ان کے نام کی تختی اکھاڑی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا آپ کو یہ باتیں لاہور ہائی کورٹ کو بتانی چاہئیں تھیں، قانون سب کیلئے برابر ہے۔
واضح رہے کہ ملتان بینچ تنازع کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان  کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا  لارجر بینچ کر رہا ہے ۔