25-09-2017

 احتساب عدالت نے ناجائز اثاثہ جات کیس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار  پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے بعد  آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے، دوران سماعت جج نے سوال کیا کہ ملزم کے وارنٹ ابھی موجود ہیں تاہم مچلکے داخل کیوں نہیں کرائے جس پراسحاق ڈار کے وکیل نے بتایا کہ وہ ضمانتی مچلکے ساتھ لائے ہیں جو ابھی جمع کرادیے جائیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات ملتے ہی اسحاق ڈار کے لاہور اور اسلام آباد کے گھروں میں چھاپے مارے گئے لیکن ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی تاہم آج ملزم اچانک عدالت میں پیش ہوگئے ہیں۔ملزم اسحاق ڈار کے وکیل نے 10لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے 7 روز کی مہلت طلب کی جس پر عدالت نے ریفرنس کی مکمل نقل اسحاق ڈار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم پر فردجرم عائد کرنے کے لیے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے۔