30-05-2017

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان کے سابق نائب صدر زیب عالم ایڈوکیٹ کے قتل کے خلاف پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت صوبہ بھر کے وکلاء  برادری نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا  گیا وکلاء عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کےلئے پیش نہیں ہوئے جس کے باعث سینکڑوں مقدمات کی سماعت اگلی تاریخوں تک ملتوی کردی گئی ۔

پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں زیب عالم ایڈوکیٹ کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وکلاء کو تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ زیب عالم ایڈوکیٹ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقع سزا دی جائے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تھانہ شیخ ملتون کے حدود میں زیب عالم خان ایڈوکیٹ اپنے بھائی جان عالم اور بھتیجے زین العابدین کے ہمراہ اپنی کار میں مردان کچہری آرہا تھا کہ راستے میں صالح آباد پلاٹو پل کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے موقع پر زیب عالم ایڈوکیٹ جاں بحق ہو گئے ۔پولیس حکام کے مطابق درج رپورٹ کے تحت وجہ عناد زمین کا تنازعہ بتایا گیا ہے ۔