22-08-2017

خیبر پختونخوا بار کونسل کی کال پر لاہور میں وکلاء مظاہرین پر پولیس تشدد کے خلاف پشاور ہائی کورٹ اور صوبہ کے ماتحت عدالتوں میں ہٹرتال کی گئی اور وکلاء نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا ۔ وکلاء عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کےلئے پیش نہیں ہوئے جس کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت اگلی تاریخوں تک ملتوی کردی گئی اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عدالتی بائیکاٹ کے موقع پر پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا مذمتی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور میں پولیس کی جانب سے وکلاء پر تشدد کی شدید مذمت کی گئی اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ پولیس گردی میں ملوث اہلکاروں کو فی الفور بے نقاب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔