13-02-2017

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکاری سطح پر اور عوامی مقامات پر ویلنٹائن ڈے کو منانے اور میڈیا پر اس کی تشہیر کرنے سے روک دیا ہے ۔یہ عبوری احکامات اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل بنچ  نے اسلام آباد کے رہائشی شہری عبدالوحید کی جانب سے درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے اپنے حکم میں وزارت اطلاعات اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے حکام سے کہا ہے کہ میڈیا کو ایسے پروگرام کی کوریج سے بھی روکا جائے۔

دائر  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ چونکہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے اس لیے اس ملک میں ایسے کسی بھی تہوار کو نہیں منایاجاسکتا جو اسلامی روایات کے خلاف ہو۔ اس تہوار کے منانے سے بڑے پیمانے پر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اس لیے عدالت کے پاس ایسے کسی کو اقدام کو روکنے کا اختیار حاصل ہے جس کی وجہ سے کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا احتمال ہو۔

فاضل عدالت نے درخواست میں بنائے گئے فریقین وفاق سمیت وزارت اطلاعات ونشریات، پیمرا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے دس روز میں جواب طلب کرلیا۔