21-09-2017

پشاور ہائی کورٹ نے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے ترجمان احسان اللہ احسان کو دی جانے والی ممکنہ معافی رکوانے اور اس کے خلاف سانحہ آرمی پبلک سکول کا مقدمہ چلانے کےلئے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اورجسٹس ناصر محفوظ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی۔ دوران سماعت وزارت دفاع کی جانب سے جواب عدالت میں داخل کیا گیا کہ احسان اللہ احسان کیس میں تفتیش تاحال جاری ہے اور اس کیس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا اور کسی بھی مقدمے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی لہذا جو رٹ پٹیشن عدالت میں دائر کی گئی ہے اس کو خارج کیا جائے کیونکہ درخواست گزار اپنی رٹ میں جو کہہ رہے ہیں وہ اس طرح نہیں ہے ۔