29-06-2017

پارا چنار میں ہونے والی دہشت گردی میں ہلاکتوں کی تعداد 75 ہوگئی جبکہ واقعے کے ایک ہفتے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ پارا چنار میں جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے ورثاء کو دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے جمعہ الوداع کے موقع پر وفاق کے زیر انتظام فاٹا کی کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 41 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جبکہ بعد میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 75 تک پہنچ گئی۔

جس کے بعد پاراچنار کے عوام نے دھماکے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا جو ساتویں  روز بھی جاری ہے۔