17-11-2017

سپریم کورٹ میں پانامہ سکینڈل میں شامل دیگر پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لئے دو رکنی بینچ قائم کر دیا گیا جو 23 نومبر سے سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پانامہ آف شور کمپنیوں کے دیگر پاکستانی مالکان کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور ایڈووکیٹ طارق اسد کی درخواستوں پر سماعت کے لئےجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا ہے۔

واضح رہے کہ پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنیاں بنانے والے 259 پاکستانیوں کے نام آئے تھے جن میں سے اب تک صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی تھیں مگر اب سپریم کورٹ نے دیگر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے بھی درخواست بھی سماعت کےلئے منظور کر لی ہے۔