14-11-2017

پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹی 20 کے بعد ہر طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا۔

یاد رہے سعید اجمل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم تیسرے ایڈیشن کے لئے انہیں اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ اپنی عمدہ اسپن بولنگ کے ذریعے دنیا کے نامور بیٹسمینوں کو گھما دینے والے سعید اجمل بولنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد غیر مؤثر ہو گئے تھے، انہوں نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ اپریل 2015 میں ڈھاکہ میں کھیلا تھا۔ آف اسپنر 35 ٹیسٹ میچوں 178 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں، 113 ون ڈے مقابلوں میں انہوں نے 184 بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا جب کہ 64 ٹی 20 میچز میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔