06-10-2017

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔یہ سری لنکن ٹیم کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے جو وہ گلابی گیند سے کھیلے گی جبکہ پاکستانی ٹیم کا یہ تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہے۔ اس سے قبل  پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی اور آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں گلابی گیند کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔

سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم ایک صفر کے خسارے میں ہے۔ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد پاکستان کا متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ خطرے میں ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں ابھی تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہاری ہے۔ اس نے یہاں پانچ ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں جبکہ چار برابری پر ختم ہوئی ہیں۔